کراچی وین حادثہ؛ وزیراعلیٰ کا انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیرٹرانسپورٹ کو وین میں آگ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعے پر انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وین میں آتشزدگی کے باعث 6 افراد کی ہلاکت پر اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کو حادثے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تفتیش کی جائے گی کہ وین سڑک پر چلنے کے قابل بھی تھی یا نہیں، اور تفتیش کی جائے کہ حادثے میں قصور ڈرائیور کا تھا یا گاڑی میں کوئی مسئلہ تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایک ہفتے میں وین میں آگ لگنے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ 

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پکنک کے لئے جانے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد اس وقت جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے کہ جب اچانک وین میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔



مزید خبریں :