دنیا
Time 13 ستمبر ، 2017

بنگلا دیش ہجرت کرنیوالے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار ہوگئی

میانمار میں ریاستی جبراور بدھسٹ انتہا پسندوں کے مظالم سے تنگ آئے بنگلا دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار ہوگئی۔

روہنگیا مسلمانوں پر میانمار فوج کےمظالم کا سلسلہ جاری ہے جن میں ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل اور ان کے متعدد گھر نذر آتش کیے جاچکے ہیں۔

بنگلہ دیشی حکام کے مطابق حالیہ بحران میں تقریباً 3 لاکھ 70ہزار کے قریب روہنگین مسلمانوں نے بنگلا دیش میں پناہ اختیار کی ہے۔

وزیراعظم بنگلا دیش حسینہ واجد نے پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میانمار فوری طور پر اپنے شہریوں کو واپس لے، برسو ں سے میانمار میں مقیم افراد کواپنا شہری تسلیم نہ کرنا درست نہیں۔

دوسری جانب میانمار فوج کی جانب سے سرحدی علاقوں میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں پھٹنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

میانمار فوج کی جانب سے بارودی سرنگیں بچھائے جانے پر آسٹریلوی وزیرخارجہ نے شدید تنقید کرتے ہوئے اقدام کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

مزید خبریں :