سنجے دت نے بھارت کو بچوں اور خواتین کیلئے غیر محفوظ ملک قراردیدیا

ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سنجے دت نے بھارت کو بچوں اور خواتین کے لیے غیر محفوظ ملک قرار دے دیا۔

سنجے دت جیل سے سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہوچکے ہیں اور فلم ’’بھومی‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر فلم نگری میں واپسی کررہے ہیں۔

سنجو بابا فلم کی تشہیر کے لیے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں اور چھوٹی اسکرین پر بھی پروموشن میں مصروف ہیں۔

فلم ’’بھومی‘‘ کی کہانی باپ بیٹی کی محبت پر مبنی ہے جس میں ان کے مدمقابل نوجوان اداکارہ آدتیہ راؤ حیدری نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی تشہیری مہم کے دوران صحافی نے سنجے دت سے بھارت میں خواتین اور بچوں پر تشدد کے واقعات پر سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت خواتین اور بچوں کے لیے غیر محفوظ ملک ہے اور گڑگاؤں میں اسکول کے بچے کا قتل بھی ہماری سوسائٹی کے لیے شرمناک ہے۔

سنجے دت نے کہا کہ میں بھی بال بچوں والا ہوں اور خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں جب کہ میں خواتین کی خودمختاری، تحفظ اور تشدد کے خاتمے پر یقین رکھتا ہوں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے حالیہ واقعات ہم نے اپنے بچپن میں سنے بھی نہیں تھے لیکن اب علم نہیں کہ حالا ت کو کیا ہوا رہا ہے، ہمارا انصاف کا سسٹم بہت سست ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کے شہر گڑگاؤں میں 7 سالہ بچے کی لاش اسکول سے برآمد ہوئی تھی جسے اسکول بس کے ڈرائیور نے زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔

مزید خبریں :