پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2017

صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے

سندھ حکومت اور انسپکٹر جنرل پولیس اللہ ڈنو خواجہ کے درمیان معاملات طے پاگئے جب کہ صوبائی حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی مؤخر کردیا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد سندھ حکومت اور آئی جی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو عہدے پر برقرار رکھنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی موخر کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کہنے پر آئی جی اے ڈی خواجہ نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے ملاقات بھی کی جب کہ اس موقع پر تبادلوں اور تعیناتیوں سمیت تمام معاملات مشاورت سے انجام دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں سید مراد علی شاہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

مزید خبریں :