دنیا
Time 14 ستمبر ، 2017

پاک بھارت آبی تنازع پر مذاکرات آج واشنگٹن میں ہوں گے

پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازع پر مذاکرات عالمی بینک کی زیر نگرانی آج واشنگٹن میں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان متنازع آبی امور پر سیکرٹری سطح کے 2 روزہ مذاکرات سندھ طاس معاہدے کے تحت واشنگٹن میں ہوں گے۔

ذرائع آبی وسائل ڈویژن کے مطابق پاکستانی وفد کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری آبی وسائل عارف احمد خان کریں گے جب کہ وفد میں وفاقی سیکرٹری پاور یوسف نسیم کھوکھر، پاکستان انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ، جوائنٹ سیکرٹری واٹر مہر علی شاہ بھی شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو بھارت کے دریائے نیلم پر زیر تعمیر کشن گنگا کے ڈیزائن پر اعتراض ہے جب کہ پاکستان دریائے چناب پر رتلے پن بجلی منصوبے کے ڈیزائن پر بھی تحفظات پیش کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پن بجلی منصوبوں پکال دل، میار اور لوئر کلنائی کے ڈیزائن پر بھی اعتراضات ہیں۔

پاکستان کا موقف ہے کہ بھارتی منصوبوں کے ڈیزائن پاکستان کے پانی کو متاثر کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت یہ تمام منصوبے دریائے چناب کے معاون دریاؤں پر بنا رہا ہے۔ 

مزید خبریں :