پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2017

پی ٹی آئی اور ایم کیوایم قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے سرگرم

اسلام آباد: تحریک انصاف اور ایم کیوایم پاکستان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے رابطے شروع کردیئے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے رابطے تیز کردیئے اور اس حوالے سے اسد عمر اور عارف علوی پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جسے ایم کیوایم سے مذاکرات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ چیرمین نیب اور نگراں وزیراعظم کی تقرری سے پہلے ہی دونوں جماعتوں انتہائی سرگرم دکھائی دیتی ہیں اور دونوں جماعتیں نگراں وزیراعظم اور چیرمین نیب لانا چاہتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کو عددی برتری نہ ہونے پرشکست کا سامنا ہوسکتا ہے، ایم کیوایم کے 22، پی ٹی آئی کے 26 اور شیخ رشید سمیت کل 49 ارکان ہیں، اگرجمشید دستی حمایت کریں تو پی ٹی آئی اورایم کیو ایم کے پاس 50 ارکان ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ خورشید شاہ کو پیپلزپارٹی کے47 اوراتحادیوں کے 11 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب جب اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر خورشید سے بات کی گئی تو انہوں نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ست بسم اللہ بابا، گھوڑے بھی حاضر میدان بھی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ اس بات کی ہمیں بھی اطلاعات ہیں تاہم شیریں مزاری نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے کسی جماعت سے رابطہ نہیں کیا۔

مزید خبریں :