کھیل
Time 15 ستمبر ، 2017

پاکستان نے آزادی کپ دو، ایک سے جیت لیا


لاہور: پاکستان نے آزادی کپ کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں جاری تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 184 کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان کے 150 رنز بناسکی۔

ورلڈ الیون کی جانب سے اننگ کا آغاز تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے کیا اور دوسرے ہی اوور میں نوجوان فاسٹ بولر عثمان خان نے تمیم اقبال کو 14 رنز پر بولڈ کردیا۔


فاسٹ بولر حسن نے 41 کے مجموعی اسکور بین کٹنگ کو بولڈ کیا جب کہ اگلی ہی گیند پر ہاشم آملہ بھی 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ 












ورلڈ الیون کی چوتھی وکٹ جارج بیلی کی گری جو 5 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ 67 کے مجموعی رنز پر کپتان فاف ڈوپلیسی 13 رنز بناکر شاداب کی بہترین تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔

ورلڈ الیون کے تھیسارا پریرا طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر رومان رئیس کا شکار بنے۔

ڈیوڈ ملر 32 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ دے کر چلتے بنے اور مورنی مورکل بھی 139 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

ورلڈ الیون  کے ڈیرن سیمی 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔


پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 2، عماد وسیم، عثمان خان، اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

میچ میں وقفے کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اور مصباح الحق نے علیحدہ علیحدہ رکشوں پر گراؤنڈ کا چکر لگایا اور مداحوں کے پر جوش نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی پلیئنگ الیون کے ساتھ تصویر — فوٹو پی سی بی

دونوں سابق کپتان قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ گلے ملے اور تصاویر بنوائیں۔










اس سے قبل ورلڈ الیون نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم کی جانب سے اننگ کا آغاز بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے احمد شہزاد نے محتاط انداز میں کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بناکر اچھا آغاز فراہم کیا۔

اوپنر فخر زمان 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

احمد شہزاد اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر محتاط انداز میں بیٹنگ کرکے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں نے 102 رنز کی شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے اور 11 رنز کی کمی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی میں کیرئیر کی دوسری سنچری کرنے سے محروم رہے۔


جارح مزاج بابر اعظم 48 رنز بناکر تھیسارا پریرا کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے جب کہ عماد وسیم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

شعیب ملک نے 7 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ورلڈ الیون کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی رہ دکھائی۔



احمد شہزاد کو بہترین نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ تمام میچز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

میچ کے اختتام پر دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئے۔

مزید خبریں :