میکسیکو میں مردوں کا مقابلہ حسن: کوئی امیدوار معیار پر پورا نہ اترسکا

میکسیکن ماڈلنگ ایجنسی کی جانب سے ہونے والے مردوں کے مقابلہ حسن 'مسٹر ماڈل ٹیباسکو 2017' میں کوئی امیدوار معیار پر پورا نہ اتر سکا۔

میکسیکن ماڈلنگ ایجنسی نے مسٹر ماڈل ٹیباسکو 2017 کے لئے کچھ شرائط رکھیں جن میں امیدوار کی عمر 17 سے 27 سال، دراز قد، وجیہ شخصیت ، چہرہ اور جسامت مکمل طور پر پرکشش، انگریزی زبان سے ہم آہنگ، اپنی عمر کے مطابق تعلیم یافتہ اور لیگل پاسپورٹ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا۔

مقابلے میں شرکت کے لئے کئی امیداروں نے حصہ لیا لیکن کوئی بھی امیدوار مقابلہ میں اپنے آپ کو ثابت نہ کر پایا اور قسمت سے جو 6 امیدوار پہلے مرحلے کو عبور کرسکے وہ بھی ناکام رہ گئے۔

ماڈلنگ ایجنسی کی جانب سے جن 6 امیدواروں کو چنا گیا تھا ان کا فوٹو شوٹ کیا جس کی ٹی وی پر اور آن لائن نمائش کی جبکہ ایک قومی اور بین الاقوامی مرد حضرات کی ماڈلنگ تقریب میں بھی شرکت کروائی لیکن یہ امید وار بھی مکمل طور پر متاثر کرنے سے ناکام رہے۔

کچھ امید وار کا کہنا تھا کہ دراز قد کی شرط ٹھیک نہیں ہے کیونکہ میکسیکو میں زیادہ تر لوگوں کا قد لمبا نہیں ہوتا۔

مسٹر ماڈل میکسیکو نیشنل آرگنائزیشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں مقابلہ کو منسوخ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا  اور بتایا کہ اس پر کافی مایوسی ہوئی ہے۔

مسٹر ماڈل میکسیکو تنظیم نے کہا کہ کوئی بھی امیدوار ہماری توقع پر پورا نہ اتر سکا تاہم اس کے لئے سخت محنت کی جارہی ہے کہ مسٹر ماڈل ٹیباسکو 2017 جلد تلاش کرلیا جائے۔