چین میں ہوٹل کے بل سے بچنے والا شخص تاروں میں لٹک گیا

چین میں ہوٹل کا بل نہ دینے کے لیے ایک شخص نے اپنی جان ہی جوکھم میں ڈال دی اور تاروں کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کی جو اسے مہنگی پڑ گئی۔

چین میں ایک شخص نے ہوٹل میں رات گزاری لیکن بل ادا کرنے کے لیے اس کے پاس پھوٹی کوڑی نہ تھی جس پر اس نے بل دینے سے بچنے کے لیے ایک انوکھا اور انتہائی خطرناک طریقہ ڈھونڈا۔

اس شخص نے ہوٹل کے پاس چار رویا مصروف ترین سڑک سے جانے کی بجائے فلمی ہیرو کی طرح تاروں سے جانے میں عافیت جانی، سر پھرے شخص نے بلڈنگ کے 20 ویں فلور سے ٹیلی فون کی تاروں کے ذریعے دوسری بلڈنگ میں جانے کی حماقت کی اور تاروں میں الجھ پڑا۔

اپنے آپ کو سرکس مین سمجھنے والا یہ شخص زمین سے 200 فٹ بلندی پر موجود تاروں پر چلنے کی کوشش کررہا تھا لیکن بیچ کے تاروں میں ہی پھنس گیا اور تاروں کے درمیان لٹکتا رہا جب کہ اس کے قریب ہی ہائی وولٹیج تار بھی موجود تھے جو اس کی جان بھی لے سکتی تھی۔

اس واقعے کو دیکھنے والوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبا لیں اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

تاروں کے درمیان پھنسنے والا یہ بے وقوف پھر مدد کے لیے پکارتا رہا اور  واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور اسے بحفاظت اتار کر پولیس کے حوالے کردیا۔