پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2017

قندیل بلوچ قتل کیس: حتمی چالان جمع نہ کرانے پر تفتیشی افسر برطرف

ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے 15 ماہ گزرنے کے باوجود حتمی چالان جمع نہ کرانے پر تفتیشی افسر کو برطرف کردیا گیا ہے ۔ 

ملتان میں تھانہ مظفرآباد کے سب انسپکٹر اور قندیل بلوچ قتل کیس کے تفتیشی افسر نور اکبر کو سی پی او چوہدری محمد سلیم نے عدالت میں کیس کا حتمی چالان جمع نہ کرانے پر برطرف کیا۔ 

عدالت نے کئی بار سب انسپکٹر نور اکبر کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ قندیل بلوچ قتل کیس کا چالان جمع کرائیں تاکہ کیس میں مزید کارروائی کی جاسکے۔

تفتیشی افسر کی جانب سے ہر بار تحقیقات کے لئے وقت مانگا گیا جس پر عدالت نے نور اکبر کی تنخواہ قرقی کے احکامات بھی جاری کئے تھے۔

خیال رہے کہ قندیل بلوچ قتل کیس کے 4 تفتیشی افسر تبدیل ہو چکے ہیں۔ 

ماڈل قندیل بلوچ کو گزشتہ سال 15 جولائی کی شب قتل کیا گیا جب کہ قتل میں ملوث ان کا بھائی وسیم اور کزن حق نواز جیل میں قید ہیں۔ 


مزید خبریں :