کھیل
Time 11 اکتوبر ، 2017

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی

انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں تیسرے فریق کی مداخلت پر اس کی رکنیت معطل کردی۔

فیفا کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر اور اکاؤنٹس عدالت کی جانب سے تعینات کردہ ایڈمنسٹریٹر کے کنٹرول میں ہیں جو کہ فیفا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

فیفا قوانین کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انتظامیہ کو آزاد ہونا چاہیے جس پر کسی تیسرے فریق کا دباؤ نہ ہو۔

فیفا کے مطابق جب تک پی ایف ایف کا کنٹرول تیسرے فریق کی جانب سے تعینات ایڈمنسٹریٹر کے پاس رہیں گے اس وقت تک پی ایف ایف پر معطلی برقرار رہے گی۔

فیفا کا کہنا ہے کہ معطلی کی صورت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن اور کلب ٹیم کسی بھی عالمی مقابلے میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہوگی اور اسے حاصل فوائد بھی معطل رہیں گے۔

معطلی کے دوران فیفا کی ممبر ایسوسی ایشنز پاکستان فٹبال فیڈریشن سے کھیلوں کے روابط بھی قائم کرنے کی اہل نہیں ہوں گی۔ 

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے قبل فیفا نے پی ایف ایف کو دھڑے بندی ختم کرنے کے لئے تنبیہ کی تھی جس کے باوجود دونوں دھڑے اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن فیصل صالح حیات اور سرکاری گروپ میں تقسیم ہے جس کے باعث عدالت نے پی ایف ایف کے معاملات دیکھنے کے لئے جسٹس (ر) اسد منیر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دونوں دھڑوں سے مذاکرات کے لئے فیفا کا ایک وفد اگست 2015 میں پاکستان بھی آیا لیکن وہ بھی کوئی حتمی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہا۔


مزید خبریں :