پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2017

قندیل بلوچ قتل کیس: مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ملتان: جوڈیشل مجسٹریٹ نے قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

ماڈل قندیل بلوچ کو گزشتہ سال 15 جولائی کی شب قتل کیا گیا جب کہ قتل میں ملوث ان کا بھائی وسیم اور کزن حق نواز جیل میں قید ہیں۔

گزشتہ روز سی پی او ملتان نے تفتیشی افسر نور اکبر کو 15 ماہ گزرنے کے باوجود حتمی چالان پیش نہ ہونے پر معطل کردیا تھا اور ان کی تنخواہ قرقی کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

تاہم تفتیش افسر نور اکبر نے آج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد پرویز کو بتایا کہ کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی پولیس سے تعاون نہیں کررہے ہیں، انہیں جب بیان دینے کا کہا جاتا ہے وہ حاضر نہیں ہوتے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کی استدعا پر مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

دوسری جانب نمائندہ جیونیوز کے مطابق مفتی عبدالقوی کا کہنا ہےکہ وہ ضمانت قبل از گرفتاری کراچکے ہیں جب کہ وہ پولیس سے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں، پولیس جب چاہے ان کے دارالعلوم میں آکر بیان لے سکتی ہے۔

مزید خبریں :