کھیل
Time 13 اکتوبر ، 2017

پہلا ون ڈے،پاکستان 83 رنز سے فاتح

پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں وائٹ واش شکست سے دوچار کرنے والی سری لنکا ٹیم کو گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ میچ میں 83 رنز سے شکست دے دی۔

میچ کی خاص بات بابر اعظم کی سنچری ،شعیب ملک 81 رنز اور رومان رئیس اور حسن علی کی شاندار باولنگ رہی ۔

293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں پر 209 رنز بنائے، سری لنکا کی طرف سے تھریمانے اور دننجایا نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور بالترتیب 53 اور 50 رنز بنائے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں سری لنکن کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

گرین شرٹس نے بابر اعظم کی سنچری 103،شعیب ملک 81،فخر زمان 43اور محمد حفیظ32رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 292 رنز کا اسکور سجایا۔

سری لنکا کے آٹھویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی وینڈرسے تھے، 200 کے مجموعی اسکور پر 25رنز بنانے والے سری لنکن بیٹسمین کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔

ساتویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھریمانے تھے، وہ 74 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر رومان رئیس کا تیسرا شکار بنے۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 30 کے اسکور پر گری، ڈک ویلا 19کے انفرادی اسکور پر رومان رئیس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کھڑے کپتان سرفراز احمد کو گیندتھما بیٹھے ۔

کپتان اور اوپنر اپل تھرنگا کا ساتھ دینے کے لئے چندیمل آئے، 34 کے مجموعی اسکور پر رومان رئیس نے چندیمل کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا اور میچ میں دوسری وکٹ اپنے نام کرلی ۔

سری لنکا کے تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین اپل تھرنگا تھے، 55 کے اسکور پر انہیں محمد حفیظ نے بولڈ کیا، سری لنکن کپتان نے 3 چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائےتھے۔

مہمان ٹیم کی چوتھی اور پانچویں وکٹیں 67 کے اسکور پر گری، اہم کھلاڑی مینڈاس اور سری وردینے کو حسن علی نے لگاتار دو گیندوں پر میدان سے چلتا کیا۔

پریرا نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 21رنز بنائے تو چھٹی وکٹ 108پر گرگئی، شاداب نے پریرا کو میدان بدر کیا ۔

پاکستان کی طرف سے رومان رئیس اور حسن علی نے 3،3 جبکہ محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ 61 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے شعیب ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

5 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پیر 16 اکتوبر کو شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :