پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2017

مسلم لیگ (ن) نے دوسری مرتبہ عدلیہ پر حملہ کیا، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ آج مسلم لیگ (ن) نے دوسری مرتبہ عدلیہ پر حملہ کیا۔

نیب ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر احتساب عدالت میں وکلا کی ہلڑ بازی کے باعث جج محمد بشیر نے آج کارورائی کیے بغیر ہی سماعت ملتوی کردی جس کےباعث نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے احتساب عدالت میں پیش آنے والے واقعے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔

عمران خان نے کہا کہ آج (ن) لیگ نے دوسری مرتبہ عدلیہ پر حملہ کیا، آج نوازشریف کی بیرون ملک پڑی لوٹی ہوئی رقم کو بچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج درباری احسن اقبال کا عدالت کے باہر رینجرز سے متعلق ڈراما سمجھ آیا جو نیب جج کو غیر محفوظ کرنے کے لیے تھا۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ریاستی اداروں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، قوم اس کے خلاف تیار ہو  اور اپنے ریاستی اداروں کا دفاع کرے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اداروں کی تباہی کا مطلب ریاست کی تباہی ہے اور یہ شریفوں کا ایجنڈا ہے جسے قوم کو ختم کرنا ہے۔






مزید خبریں :