پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2017

'انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں'

پاکستان نے کہا ہے کہ اگر انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں، دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خلاف سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کے لئے ہر قسم کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا ایجنڈا مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت، افغان سرزمین کے استعمال سے پاکستان میں دہشت گردی کا موجب ہے جب کہ چار ملکی گروپ اور قلب ایشیا کانفرنس سمیت پاکستان نے ہر فورم کی حمایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں کا معاملہ بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے جب کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے، یورپی یونین انسانی حقوق کی علمبردار ہے اور بھارتی مظالم پر اس کی خاموشی تشویشناک ہے۔

ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا جلد ازجلد حل خطے میں دیرپا امن کے لئے اہم ہے، اقوام متحدہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگاتا ہے، بھارت کی منفی پروپیگنڈہ مہم کا تعلق کسی اور ملک سے نہیں پاکستان سے ہے، بھارتی الزامات کا مقصد کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر ہے جب کہ وفد کی وزیرخارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ایس سی او رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں شرکت کی جب کہ ان کے دورہ روس میں روسی حکام سے ملاقاتیں اچھی رہیں۔

مزید خبریں :