پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2017

کوئی غیر جمہوری حکومت ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی اسی وقت ہوگی جب جمہوریت ہوگی کیونکہ ٹیکنوکریٹ یا غیر جمہوری حکومت پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔

وزیراعظم نے اٹک میں تیل اور گیس کے منصوبے جھنڈیال ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا افتتاح بہتر مستقبل کی نوید ہے، پاکستان میں ہر شعبے کو اور ہر صارف کو گیس چوبیس گھنٹے مل رہی ہے، نوازشریف نے ایسی پالیسیاں شروع کیں جسے ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ کامیابیاں ہیں جو الیکشن کی وجہ سے ملک حاصل کررہا ہے، عوام نے فیصلہ کیا اور اس کے ثمرات ان تک پہنچ رہے ہیں اور پہنچتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو کام پانچ سال میں ہوئے وہ معمولی نہیں، 1999 سے لے کر 2013 تک کسی بھی شعبے کے کام ایک طرف رکھیں اور ہمارے چار سال کے کام دیکھیں وہ 15 سال کے عرصے پر بھاری ملیں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی صرف اس وقت ممکن ہوگی جب جمہوریت پروان چڑھے گی کیونکہ جمہوریت مضبوط ہوگی تب ہی ملک ترقی کرے گا، اس کےعلاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، ٹیکنوکریٹ یا غیر جمہوری حکومت پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے اور آئندہ الیکشن میں حصہ لے کر فیصلہ کرنا ہے، جو کچھ اس حکومت نے کیا وہ عوام کے سامنے ہے، جب سے پاکستان بنا 20 ہزار میگا واٹ بجلی بنی لیکن ان چار سالوں میں دس ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں داخل ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی کامیابیاں نہیں، اس عرصے میں مشکلات بھی آئیں جنہیں عبور کیا اور ترقی کے راستے پر بڑھے، ابھی بھی چیلنجز ہیں جن کا مقابلہ کررہے ہیں، ہم پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جو ترقی کرے، مہنگائی کم ہو اور عوام کےمسائل بھی کم ہوں، یہی ہمارا مینڈیٹ ہے جس پر فیصلہ اب عوام کو کرنا ہے۔

مزید خبریں :