پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

کراچی: عزیز آباد میں لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملے کا مقدمہ درج

کراچی: عزیز آباد میں بھی ایک لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئی جب کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں 25 ستمبر سے خواتین پر تیز دھار آلے سے کی جانے والی وارداتوں کا ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا ہے اور ملزم اب تک اپنی کارروائیوں میں 15 سے زائد خواتین کو زخمی کرچکا ہے جب کہ اس کا دائرہ مختلف علاقوں تک پھیل چکا ہے۔

گزشتہ رات کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بھی ایک لڑکی کو تیز دھار آلے سے حملے کا نشانہ بنایا گیا جس سے لڑکی زخمی ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ لڑکی اپنے بھائی کے ساتھ جارہی تھی کہ اس پر پیچھے سے حملہ کیا گیا اور حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا جس نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا جب کہ واقعے کے بعد لڑکی کا بھائی اسے اسپتال لے کر گیا۔

پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی کو رات 9 بجے زخمی کیا گیا اور پولیس کو 12 بجے واقعے کی اطلاع دی گئی، پولیس کو اطلاع سے قبل لڑکی کو نجی کلینک میں طبی امداد دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ لڑکی کے بھائی اور ماموں کا ابتدائی بیان رکارڈ کر لیا گیا ہے تاہم لڑکی کے گھر والوں نے اس کی میڈیکل رپورٹ کرانے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد ہی پتا چل سکتا تھا کہ حملہ کس آلے سے کیا گیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے گھر والوں سے رابطے کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی رابطہ نہیں ہوسکا جب کہ ان کے گھر پر بھی تالہ لگا ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعہ گلستان جوہراورگلشن میں ہونے والی وارداتوں سے مماثلت نہیں رکھتا۔

دوسری جانب پولیس نے لڑکی پر حملے کا مقدمہ لڑکی کے ماموں طارق کی مدعیت میں  جوہر آباد تھانے میں درج کرلیا ہے جس میں تیز دھار آلے سے وار کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جسے کراچی میں خواتین پر حملوں کے شبے میں پکڑا گیا تاہم مشتبہ شخص کی وارداتوں میں ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :