پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2017

نوازشریف کے خلاف بے ڈھنگا احتساب ہورہا ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ نوازشریف کے خلاف بے ڈھنگا احتساب ہورہا ہے اسے ڈھنگ سے کرلیاجائے۔

اسلام آباد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کس بات کا احتساب ہورہا ہے، کیا پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے اور سی پیک یہاں لانے کا احتساب ہورہا ہے، یہ بے ڈھنگا احتساب ہورہا ہے اسے ڈھنگ سے کرلیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ سب انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہے، ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے ورنہ آمریت کے دور میں بھی عبوری ریفرنس پر فرد جرم نہیں عائد کی گئی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عدالتی تاریخ میں بھی پہلی مرتبہ نوازشریف کے کیس میں یہ چیزیں ہورہی ہیں، فرد جرم قانون کے مطابق عبوری ریفرنس پر عائد نہیں ہوسکتی اور 7 دن کے بغیر بھی عائد نہیں ہوسکتی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ فرد جرم عائد کرنے میں بھی اسی طرح عجلت دکھائی جارہی ہے جس طرح نوازشریف کو نااہل کرنے میں دکھائی گئی۔

مزید خبریں :