کاروبار
Time 20 اکتوبر ، 2017

رکاوٹوں کے باوجود 10 سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرلی، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ رکاوٹوں کے باوجود 10 سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔

جیونیوز کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تباہ معیشت کو بہتری اور ملک کوترقی کی راہ پر ڈالا، سی پیک کی بدولت 10 سال میں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی اور اسٹاک ایکسچینج 53000 پوائنٹس کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا لیکن سیاسی افراتفری کے وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کا رجحان برقرار نہ رہ سکا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں بار بار معاشی ترقی کا پہیا جام کرنے کی کوششوں کی گئی لیکن رکاوٹوں کے باوجود 10 سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں سے ترقی کے دروازے کھلیں گے جب کہ عمران خان یہ بھی نہیں جانتے کہ قرضے ترقیاتی منصوبوں پرلگانے سے نقصان نہیں ہوتا، عمران خان اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس ہوکرمعیشت سے متعلق مایوسی پھیلارہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھاکہ ورلڈ بینک نے پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے پرحکومت پاکستان کی تعریف کی، دو روزقبل ایک عالمی جریدے نے پاکستان کا شماردنیا کی 5 ابھرتی معیشتوں میں کیا جب کہ ورلڈ بینک نے پاکستان میں جاری سیاسی ابتری کومعیشت کے لیے خطرہ قراردیا ہے۔

مزید خبریں :