کھیل
Time 26 اکتوبر ، 2017

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو شکست دیدی

فوٹو: فائل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے آئی لینڈرز کو شکست دیدی۔

ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 103 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوورز میں پورا کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا لیکن فخر زمان تیسرے اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابراعظم مشکل میں دکھائی دیے اور 8 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔

احمد شہزاد بھی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

شعیب ملک 42 اور محمد حفیظ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں سری لنکا کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 102 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دلشان مناویرا اور دنوشکا گنا تھیلاکا نے کیا لیکن عماد وسیم نے دوسری ہی گیند پر مناویرا کو کلین بولڈ کردیا۔

عثمان شنواری نے چوتھے اوور میں گناتھیلاکا کو 18 کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

سری لنکا کو تیسرا نقصان نویں اوور میں ہوا جب فہیم اشرف نے سدیرا سمارا وکرما کو 23 رنز پر بولڈ کردیا۔

شاداب خان نے گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر اشن پرینجنن کو 12 کے انفرادی اسکور پر  شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

محمد حفیظ نے اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر مہیلا اداوتے کو 8 رنز پر آؤٹ کردیا۔ حفیظ نے اسی اوور کی تیسری گیند پر شناکا کو بھی سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپڈ آؤٹ کرا دیا۔

سری لنکا کو ساتوان نقصان پتھیرانا کا ہوا جہیں حسن علی نے 4 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کردیا۔

سری لنکن کپتان تھسارا پریرا  6 رنز بنا کر عمثان شنواری کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسن علی نے ادانا کو صفر پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ وکم سنجیا سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو حسن علی کا ہی شکار بنے۔ سکوگی پراسنا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عثمان شنواری اور محمد حفیظ کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ شاداب خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے عثمان شنواری کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ گرین شرٹس نے آئی لینڈرز کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

مزید خبریں :