کھیل
Time 29 اکتوبر ، 2017

سری لنکن کرکٹ ٹیم کی 8 سال بعد پاکستان آمد

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا یادگار دن آگیا اور 8 سال بعد سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی لاہور پہنچ گئے۔ 

پاکستانی کرکٹ ٹیم ایمریٹس کی پرواز ای کے 622 کے ذریعے رات 2 بجےجبکہ مہمان ٹیم اتحاد ائیرلائن کی پرواز ای وائے 241 کے ذریعے رات 2 بجکر 25 منٹ پر لاہور ائیرپورٹ پہنچیں جہاں ان کا پنجاب حکومت اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے پرتباک استقبال کیا۔

ائیرپورٹ پر ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس، فوج اور رینجرز نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیے جبکہ ائیرپورٹ سے مال روڈ پر واقع نجی ہوٹل تک تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چاک و چوبند اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

دونوں ٹیموں کو حج لاؤنج سے بلٹ پروف گاڑیوں میں بٹھا کر سخت سیکورٹی کے حصار میں نجی ہوٹل تک پہنچایا گیا۔ ہوٹل پہنچنے پر شائقین کرکٹ نے تالیاں بجا کر مہمان ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔

ٹیم کے ہمراہ آنے والوں میں شعیب ملک کی اہلیہ اور مشہور انڈین ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی تھیں۔

ہوٹل پہنچنے پر سری لنکن ٹیم کے کپتان تھیساراپریرا کا کہنا تھا کہ وہ آج پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے مابین آج شام 6 بجے قذافی اسٹیڈیم میں تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیم پہلے ہی 2 ٹی 20 میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔

مزید خبریں :