شاہ رخ اور کرن کی 10ویں مشترکہ پارٹنرشپ مکمل

فائل فوٹو۔

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور فلم ساز کرن جوہر کی دوستی کی گہرائی سے ہر کوئی واقف ہے تاہم نئی فلم 'اتفاق' دونوں کی مشترکہ 10 ویں فلم ہوگی۔

شاہ رخ اور کرن کے درمیان 'دل والے دلہنیا' سے شروع ہونے والی دوستی ایسی مضبوط ہوئی کہ دونوں نے اس کے بعد کئی بلاک باسٹر فلمیں کیں جن میں 'کچھ کچھ ہوتا ہے'، 'کبھی خوشی کبھی غم'، 'مائی نیم از خان' اور 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' شامل ہیں۔ 

فلم 'اتفاق' کرن کے دھرما پروڈکشن اور شاہ رخ کے ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ کا مشترکہ پروجیکٹ ہے جس کی ہدایت کاری ابھے چوپڑا نے انجام دی ہے۔

حال ہی میں کرن نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ فلم 'اتفاق' شاہ رخ اور ان کی 10ویں مشترکہ فلم ہے ساتھ ہی ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ۔


شاہ رخ نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے جواب دیا اور لکھا کہ پتہ ہی نہیں چلا وقت کتنی تیزی سے گزر گیا ساتھ ہی اپنی اور کرن کی پارٹنرشپ کی سلامتی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


فلم 'اتفاق' کے اہم کرداروں میں اداکار سدھارتھ ملہوترا، اکشے کھنا اور اداکارہ سوناکشی سنہا شامل ہیں، فلم آئندہ ماہ 3 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید خبریں :