کھیل
Time 29 اکتوبر ، 2017

یادگار استقبال کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ، سری لنکن کپتان

لاہور: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے جس طرح شاندار استقبال کیا وہ یادگار ہے اور اس پر عوام کے شکر گزار ہیں۔

لاہور میں اپنے پاکستانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں اور پاکستانی عوام نے جس شاندار طریقے سے ہمارا استقبال کیا وہ یادگار ہے اور اس پر ان کے شکرگزار ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم رات گئے ہی پاکستان پہنچی ہے اور آج ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم سے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہو گی۔

تھیسارا پریرا  نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور آج آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

قبل ازیں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ ہم بھی 30 سال تک حالت جنگ میں رہے لیکن پاکستانی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے ہمارا ساتھ دیا، ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا حصہ بن رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میچ میں کوئی ہارتا ہے تو کوئی جیتتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ہمارے تعلقات بھائیوں کی طرح برقرار رہتے ہیں۔

مزید خبریں :