پاکستان
Time 02 نومبر ، 2017

حسن اور حسین نواز کی لاہور میں جائیداد کی تفصیلات طلب

لاہور: نیب نے حسن اور حسین نواز کی لاہور میں جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے لندن پراپرٹیز سے متعلق نیب ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے جب کہ حسن اور حسین نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کررکھے ہیں۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کی عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دینے اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے ایس ای سی پی کو حسن اور حسین نواز کے مختلف کمپنیوں میں شیئرز منجمد کرنے کی ہدایت دی۔

جیونیوز کے مطابق نیب لاہور نے آج ایل ڈی اے کو ایک مراسلہ لکھا ہے جس میں حسن اور حسین نواز کی لاہور میں جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

مراسلے میں سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کے شناختی کارڈ نمبر بھی دیئے گئے ہیں اور کہا گیا ہےکہ حسن اور حسین نواز کی لاہور میں زمینوں اور جائیداد کو ڈھونڈا جائے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر اداروں کو بھی دونوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات دینے کے لیے مراسلہ بھیجا ہے۔

مزید خبریں :