پاکستان
Time 03 نومبر ، 2017

پنجاب آج بھی اسموگ کی لپیٹ میں

فائل فوٹو/ اے ایف پی

دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کےمختلف علاقوں میں آج بھی دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔

موٹروے حکام کے مطابق موٹروے پر لاہور سے بھیرہ تک حدنگاہ 25 سے 50 میٹر ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ صحت پنجاب نے اسموگ سے بچاؤ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہری سفر کے دوران چشمہ اور ماسک استعمال کریں اور سفر کے دوران یا بعد میں آنکھوں کو اچھی طرح دھوئیں جب کہ اسموگ میں زیادہ ٹھنڈے مشروبات سےاجتناب کیا جائے۔

دوسری جانب شہریوں کو روزانہ زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور گھروں سے غیرضروری طورپر باہر نہ نکلنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اسموگ کیا ہے؟

ماہرین ماحولیات کے مطابق دھویں کے ساتھ جب گرد اور خطرناک گیسوں کی آمیزش ہو جائے تو دھند اسموگ میں بدل جاتی ہے اور اس کے نتائج سانس کی بیماریوں اور آنکھوں کی جلن کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ اسموگ کے حالیہ سلسلے میں ابھی مزید اضافہ ہو گا جس کی بینادی وجوہات فصلوں کی باقیات اور گھروں کے کچرے کو جلانا، فیکڑیوں اور کارخانوں میں غیر میعاری ایندھن کا استعمال اور چمنیوں میں دھویں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے فلٹر نہ لگانا ہے۔

ماہرین کے مطابق اسموگ کا مسئلہ آنے والے سالوں میں بڑا چیلنج بن سکتا ہے اور اس سے بچاؤ  زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر فضائی آلودگی میں کمی سے ہی ممکن ہے۔


مزید خبریں :