مصنوعی ذہانت مکمل طور پر انسانوں کی جگہ لے لے گی، اسٹیفن ہاکنز

عالمی شہرت یافتہ سائنسدان اسٹیفن ہاکنز نے خبردار کیا ہے بہت جلد مصنوعی ذہانت مکمل طور پر انسانوں کی جگہ لے لے گی۔

اپنے تازہ ترین انٹرویو میں اسٹیفن ہاکنز کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) بہت جلد اس مقام پر پہنچ جائے گی جہاں وہ مکمل طور پر انسانوں کی جگہ لے کر ایک نئی قسم کی زندگی کا آغاز کر دے گی۔

تاہم اسٹیفن ہاکنز نے اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا کہ مصنوعی ذہانت کب تک انسانوں کی جگہ لے گی۔

پروفیسر ہاکنز نے کہا کہ اگر لوگ اینٹی وائرسز تیار کرتے ہیں تو پھر کوئی مصنوعی ذہانت بھی تیار کرے گا جو اپنے آپ میں بہتری لا کر خود کو تیار کرے گا۔

انہوں نے انسانوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سائنس میں دلچسپی لیں کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

پروفیسر ہاکنز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک نیا خلائی پروگرام تیار ہونا چاہیے جس کے ذریعے ایسے مناسب سیاروں کی تلاش کی جائے جہاں انسانی زندگی گزاری جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم ناقابل واپسی مقام پر پہنچ چکے ہیں اور یہ دنیا ہمارے لیے بہت چھوٹی ہوتی جا رہی ہے، دنیا کی آبادی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہم خود اپنی تباہی کا باعث بننے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب اسٹیفن ہاکنز نے دعویٰ کیا ہو کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کی جگہ لے لے گی۔

گزشتہ برس اکتوبر میں بھی اسٹیفن ہاکنز نے خبردار کیا تھا کہ مصنوعی ذہانت خود سے اپنی ایسی خواہش تیار کر لے گی جو انسانیت سے بالکل الٹ ہوگی۔

مزید خبریں :