دوران پرواز شوہر کی بے وفائی کا علم ہونے پر خاتون نے ہنگامی لینڈنگ کرادی

ایرانی خاتون نے دوران پرواز اپنے شوہر کی بے وفائی کا علم ہونے پر ہنگامہ برپا کردیا جس کے بعد طیارے کو ہنگامی لینڈنک کرنا پڑ گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران سے تعلق رکھنے والی خاتون اپنے شوہر اور بچے کے ساتھ قطر ایئرلائن کی پرواز سے دوحا سے بالی جارہی تھیں۔ جب ان کے شوہر سوگئے تو انہوں نے ان کا موبائل فون اٹھایا اور سوئے ہوئے خاوند کے انگوٹے سے فون کا لاک کھول لیا۔

خاتون نے شوہر کے فون پر جب میسجز پڑھنا شروع کیے تو جیسے اس پر قیامت ہی ٹوٹ پڑی۔ خاتون کی آنکھوں کے سامنے اپنے شوہر کی بے وفائی کے ثبوت موجود تھے اور اسے علم ہوچکا تھا کہ اس کا شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ عشق لڑا رہا ہے۔

غصے میں آگ بگولہ خاتون نے بے ساختہ اپنے شوہر کو پیٹنا شروع کردیا جس سے اس کی آنکھ کھل گئی، موبائل اپنی بیوی کے ہاتھ میں دیکھ کر شوہر کو اپنی پٹائی کی وجہ بھی سمجھ آگئی۔

اس صورتحال کو دیکھ کر طیارے کے عملے نے میاں بیوں کے درمیان بیچ بچاؤ کی کوشش کی لیکن معاملہ ٹھنڈا نہ ہوا اور جب جگھڑا حد سے بڑھنے لگا تو پائلٹس نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد طیارہ بھارت کے شہر چنئی میں اتاردیا گیا۔

خاتون اس کے شوہر اور بچے کو طیارے سے اتار دیا گیا جس کے بعد دیگر مسافر تھائی لینڈ کی جانب روانہ ہوگئے۔ بعد ازاں اس خاندان کو دوسری پرواز کے ذریعے کوالالمپور روانہ کردیا گیا، ان کے خلاف کسی قسم کی پولیس کارروائی عمل میں نہیں لائی گی۔