پاکستان
Time 09 نومبر ، 2017

دھند اور اسموگ برقرار: پروازیں معطل، ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ ہونے سے بجلی معطل

پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار ہے جس کی وجہ سے فلائٹس آپریشن متاثر ہوا ہے جب کہ ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

لاہور میں دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرفضائی آپریشن آج بھی  متاثر رہا، ایئر پورٹ پر آنے جانے والی 60 سے زائد پروازیں متاثر ہوئيں جب کہ  کئی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گيا۔

لاہور سے روانہ ہونے والی متاثرہ پروازوں میں لاہور سے کراچی کی 2، اسلام آباد اور بہاول پور کی ایک ایک پرواز شامل ہے جب کہ بیرون ملک جانے والی پروازوں میں مسقط اور ریاض کی پروازیں شامل ہیں، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں لندن اور مسمقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں۔

دھند کے باعث ملتان ایئر پورٹ پر 15 پروازیں تاخیر کا شکار اور 2 منسوخ ہوئيں، فیصل آباد میں 4 پروازیں منسوخ کردی گئيں۔

دھند کے باعث پاکپتن اور چیچہ وطنی میں ٹریفک حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سندھ میں بھی سکھر بدین سمیت دیگر علاقے مسلسل اسموگ اور دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے سکھر سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے سے بلوچستان کے علاقوں سوئی، ڈیرہ بگٹی ،اوستہ محمد،جھل مگسی گرڈاسٹیشنوں کو بحلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

مزید خبریں :