پاکستان
Time 09 نومبر ، 2017

ایم کیو ایم پاکستان سے اتحاد نہیں انضمام ہورہا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے اتحاد نہیں بلکہ انضمام ہورہا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فاروق ستار کی بات کو ہی فائنل سمجھتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ کسی کی پریس کانفرنس پر میں موقف تبدیل نہیں کریں گے، بیٹھ کر ان کی بات سن لیں گے ارادے سن کر فیصلے کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے ہماری لمبی لمبی میٹنگز ہوئی ہیں، فاروق ستار نے کہا تھا دونوں جماعتیں نئے نام کیلیےکمیٹی بنا دیں، اگرنام کی ضرورت نہیں تھی تو کمیٹیاں بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو وضاحتیں کیوں دینا پڑ رہی ہیں۔

اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنور نوید نے کہا کہ ان کی پارٹی 2013 کے انتخابات میں جیتی ہوئی نشستوں پر اتحاد نہیں کرے گی اور پتنگ کے نشان کے ساتھ ہی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران کل کی صورت حال پر تفصیل سے غور کیا گیا جس کے بعد کچھ ابہام پیدا ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز فاروق بھائی نے سیاسی اتحاد کی بات کی تھی جیسے آئی جے آئی یا ایم ایم اے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم ایک سیاسی جماعت کے طور پر اپنے پرچم انتخابی نشان اور منشور کے ساتھ برقرار رہے گی، پارٹی جیسے کل سے پہلے تھی ویسے ہی رہے گی۔

کنور نوید نے کہا کہ اجلاس کے دوران فاروق ستار پر بطور ایم کیو ایم پاکستان سربراہ مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا گیا۔

گزشتہ روز کراچی کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی آئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی نے سیاسی اتحاد کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :