کھیل
Time 13 نومبر ، 2017

اسلام آباد یونائیٹڈ کے تمام غیر ملکی کھلاڑی کراچی آئیں گے، ڈین جونز

اسلام آباد: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے کہا ہے کہ فائنل میں ان کی ٹیم کے تمام غیر ملکی کھلاڑی کراچی آئیں گے۔

حال ہی میں فرنچائز کا حصہ بننے والے وقار یونس کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملک میں کرکٹ کی بحالی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے پاکستانی حکومت، فوج اور پولیس اچھا کام کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں پہنچی تو تمام صف اول کے کھلاڑی فائنل کا حصہ ہوں گے اور کراچی کے شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ڈین جونز نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات پوری دنیا میں ہو رہے ہیں، لندن بھی ان سے محفوظ نہیں۔

ڈین جونز نے کہا کہ موٹر وے پر سفر کے دوران انہوں نے خود کو محفوظ تصور کیا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن جیتے تو اگلے ہی روز تمام ٹیم کے ساتھ اسلام آباد آؤں گا۔

اس موقع پر ڈین جونز اور وقار یونس نے سعید اجمل کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

وقار یونس نے کہا کہ سعید اجمل جادوئی باولر تھے، اپنے کیریئر میں بہترین کرکٹ کھیلی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل 3 کا فائنل کراچی میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ واپس لائی ، اس بار فائنل کراچی میں کرانے کی کمٹمنٹ کر رکھی ہے۔

رواں سال مارچ میں پی ایس ایل 2 کے فائنل کا انعقاد لاہور میں ہوا تھا جس میں متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔

اس میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل گئے اور بعد میں ورلڈ الیون اور سری لنکا نے بھی پاکستان میں مچز کھیلے۔

مزید خبریں :