پاکستان
Time 14 نومبر ، 2017

تینوں ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق نوازشریف کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

سابق وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے خلاف دائر تین ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کردیا۔

نواز شریف نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کے 8  نومبر کے فیصلے کو آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اپنی درخواست میں نواز شریف نے مؤقف اپنایا تھا کہ احتساب عدالت نے جلد بازی میں فیصلہ دیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے میں درج وجوہات کو زیر غور نہیں لایا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ 3 ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے نواز شریف کی درخواست پر سماعت کی اور  نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت پیر (20 نومبر) تک کے لیے ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاناما کیس میں نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت عالیہ نے فیصلہ دیتے ہوئے احتساب عدالت کو نظر ثانی کا حکم دیا تھا تاہم احتساب عدالت نے سماعت کے بعد نوازشریف کی درخواست مسترد کردی تھی۔

احتساب عدالت کے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تینوں ریفرنسز میں عائد کیے گئے الزامات مختلف ہیں اور تینوں ریفرنسز میں صرف دو گواہان مشترک ہیں۔ 

نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے حوالے سے تین ریفرنس دائر کر رکھے ہیں جن میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔

مزید خبریں :