پریس کانفرنس کے دوران وزن کے حوالے سے سوال پر ودیا حیران

رپورٹر کے سوال پر ودیا حیران رہ گئیں—۔ویڈیو اسکرین گریب

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کو اپنی نئی فلم 'تمہاری سلو' کی تشہیر کے دوران اُس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک رپورٹر نے ان کے وزن کے حوالے سے سوال داغ دیا، جس پر اداکارہ ششدر رہ گئیں، تاہم انہوں نے نہایت تحمل سے اس کا جواب دیا۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران رپورٹر نے ودیا بالن سے سوال کیا کہ 'کیا وہ اسی طرح خواتین کے گرد گھومنے والی فلمیں کرتی رہیں گی یا پھر وزن کم کرکے گلیمرس کردار ادا کرنے کے بارے میں سوچیں گی؟'

اس سوال پر ودیا پہلے تو کچھ دیر کے لیے حیران پریشان رہ گئیں، تاہم انہوں نے جواب دیا کہ ان دونوں باتوں کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ کہ وہ اپنے کام سے مطمئن ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو وزن کی زیادتی کے حوالے سے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر ودیا نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں کئی مرتبہ وزن کی زیادتی وجہ سے فلموں کے لیے مسترد کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے سخت محنت کرکے اپنا وزن کم کیا، لیکن ایک بار پھر ان کا وزن بڑھ گیا ہے کیوں کہ ان کی جسمانی ساخت اور بناوٹ ہی ایسی ہے۔

ودیا بالن ان دنوں اپنی فلم 'تمہاری سلو' کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

17 نومبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں ودیا بالن کے ساتھ ساتھ نیہا دھوپیا اور مناو کول اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

ودیا اس فلم میں ایک ایسی گھریلو خاتون کے روپ میں نظر آئیں گی، جو رات گئے ایف ایم ریڈیو پر پروگرام کرتی ہے۔

ودیا بالن اس سے قبل ’بیگم جان'، 'ڈرٹی پکچر'، 'عشقیہ'، 'کہانی'، 'بوبی جاسوس'، 'ہماری ادھوی کہانی'، 'بھول بھلیاں' اور 'نو ون کلڈ جسیکا‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔


مزید خبریں :