پاکستان
Time 14 نومبر ، 2017

وزیراعظم شاہد خاقان کا دورہ کوئٹہ، امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری، گورنر محمد خان اچکزئی اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ سمیت دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال سےمتعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان میں ماضی کی نسبت امن وامان کی صورتحال بہت بہترہے اور دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بحالی امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جب کوئٹہ پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے ان کا استقبال کیا۔ 

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان سے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن وامان اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں :