ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ کی ریلیز پر سیاہ بادل چھا گئے

— فوٹو:فلم پوسٹر

اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ کی نمائش پر سیاہ بادل چھا گئے ہیں اور فلم کی ریلیز کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔

معروف ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’ورنہ‘ ایک جنسی زیادتی کی شکار لڑکی کی کہانی ہے جس میں وہ طاقت کا ناجائز استعمال کرنے والوں سے خود ہی انتقام لیتی ہے۔

فلم کی نمائش کی تاریخ 17 نومبر رکھی گئی ہے لیکن فلم پر مرکزی سنسر بورڈ نے اعتراضات لگا دیئے ہیں جس کے بعد نمائش پر سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں۔

سنسر بورڈ نے فلم میں ’گورنر پنجاب‘ کے بیٹے کی لڑکی سے زیادتی کے معاملے پر اعتراض اٹھایا ہے۔

بی بی سی اردو کو دیئے گئے انٹریو میں مرکزی سنسربورڈ کے چیرمین مبشر حسن کا کہنا ہے کہ بورڈ کے پانچوں ارکان فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کے فیصلے پر متفق ہیں لیکن ایک بار پھر فلم پر مزید غور کرنے کے لیے آج شام فل بورڈ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں فلم میں مناظر کاٹنے یا ریلیز پر پابندی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی ہدایت کار عاشر عظیم کی فلم’مالک‘ پر ریلیز کے 3 ہفتوں بعد پابندی عائد کردی تھی لیکن عدالتی حکم پر فلم کے کچھ مناظر کاٹ کر نمائش کی اجازت دے دی گئی تھی۔

فلم ’ورنہ‘ پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ سمیت دنیا  میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزید خبریں :