پاکستان
Time 14 نومبر ، 2017

الیکشن وقت پر ہوں گے اور جمہوریت چلتی رہے گی، وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے لیے 10 سالہ پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں اسکول، بجلی، گیس اور صاف پانی کی فراہمی شامل ہو گی۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت چل رہی ہے جو جون 2018 میں مدت پوری کرے گی اور دوماہ بعد الیکشن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانی آئین کے مطابق ہوتی ہے اور قانون کی بالا دستی قائم رہنی چاہیے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے لیے 10 سالہ پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکج میں اسکول، گیس، بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گیس، بجلی، پانی کی اسکیموں پر کام کیا جائے گا جب کہ گیس کی اسکیموں کے تحت ہر ضلع میں ایل پی جی پلانٹ لگ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پیکیج کا آدھا فنڈ وفاق اور آدھا صوبائی حکومت ادا کرے گی اور کوشش ہوگی ہر دوسرے ماہ کوئٹہ آ کر اس عمل کا جائزہ لیا جائے۔

قبل ازیں وزیراعظم شاپد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور کمانڈرسدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں :