پاکستان
Time 19 نومبر ، 2017

اسلام آباد: 'دھرنا مظاہرین کیخلاف آپریشن کسی بھی وقت ہوسکتا ہے لیکن یہ آخری آپشن ہے'


وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کسی بھی وقت ہوسکتا ہے لیکن یہ آخری آپشن ہوگا۔

اسلام آباد میں پیر امین الحسنات کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے والے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکا رہے ہیں کہ کہیں ختم نبوت کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی کی گئی ہے اور اس طرح کا پروپیگنڈا حقائق کے برخلاف ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی حکومت ختم نبوت صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر سمجھوتا نہیں کر سکتی، پاکستان میں ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور  پارلیمنٹ اور عوام ختم نبوت کے محافظ ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ لوگوں کو مشتعل کرنا مناسب نہیں ہے، دھرنے سے جو امیج جارہا ہے اسے پاکستان کے دشمن استعمال کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دھرنے سے تاثر جارہا ہے کہ ہماری قوم ختم نبوت کے معاملے پر منقسم ہے، حکومت نے ختم نبوت کے حوالے سے کوئی سقم نہیں چھوڑا، اگر کہیں سقم ہے تو دھرنے والے بتائیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے آئین میں 2002 سے جو سقم تھا اسے بھی دور کردیا گیا ہے، اس لیے اب دھرنے کا کوئی جواز نہیں رہا، ہم ختم نبوت کے حوالے سے مظاہرین کے جذبے کا احترام کرتے ہیں۔۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کشیدگی نہیں چاہتی، لوگوں کا اور عدالت کا ہم پر دباؤ بڑھ رہا ہے، امن کے ساتھ دھرنے کے معاملے کو حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ جلد سے جلد معاملے کو حل کیا جائے، اب کوئی آئینی جواز باقی نہیں رہا، یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت نے ختم نبوت کے حوالے سے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو 2002 سے مفقود تھا، اب کوئی حیلہ بہانہ نہیں کہ ہم لوگوں کی زندگی اجیرن کریں اور ملک کا نام بدنام کریں۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے کسی بھی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا تو پاکستان اس کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، جگہ خالی کرانے کے لئے فورسز کے پاس جو بھی انتظامی کارروائی کا اختیار ہے وہ کریں گے آپریشن آخری آپشن ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایک بار پھر مظاہرین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میری اپیل ہے کہ ربیع الاوّل کےتقدس کےپیش نظردھرناختم کیاجائے، ربیع الاوّل امت مسلمہ کے لیے خوشیوں اور برکتوں کامہینہ ہے، قوم کواتحاد سےعید میلادالنبیﷺ منانےکاموقع دیاجاناچاہیے۔

مزید خبریں :