پاکستان
Time 27 نومبر ، 2017

نواز شریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین میں سے ایک ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 14ویں سماعت کی۔

آج کی سماعت میں نواز شریف کے وکلاء کی ٹیم بھی احتساب عدالت میں نہ پہنچ سکی سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف سمیت کسی سے رابطہ نہ ہو سکا، راستے بند ہونے کی وجہ سے لاہور سے گواہ بھی نہیں پہنچ سکا۔ 

عدالت نے گواہ اور ملزمان کی عدم پیشی پر سماعت بغیر کارروائی کے کل تک کے لئے ملتوی کردی۔

گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نے حاضری سے استثنیٰ کی تاریخوں میں رد و بدل کی درخواست کی تھی جس پر عدالت نے نیب سے جواب طلب کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سات مرتبہ جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے 9،9 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔

کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :