پاکستان
Time 29 نومبر ، 2017

ای سی سی اجلاس میں 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے منظوری

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کا منظر—۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں اضافی چینی کی موجودگی کی صورت میں 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کو وزیراعظم آفس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران ای سی سی نے چینی کے ضرورت سے زائد موجودگی کی صورت میں 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔

ای سی سی نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف کوریا کی ہدایات اور فریم ورک ایگریمنٹ کی روشنی میں خدمات اور مصنوعات کی خریداری کی بھی منظوری دی۔

اجلاس کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کی حوصلہ شکنی اور ٹیکس کی وصولیوں میں اضافے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ای سی سی نے تیل تیار کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ مٹی کے تیل کے معیار میں بہتری کیلئے اقدامات کریں۔

ای سی سی نے یو سی ایچ II کے تحت گیس کی قیمتوں کے تعین کی بھی منظوری دی اور اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ گیس کی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، اوگرا آرڈیننس 2002ءکی روشنی میں کرے گی۔

ای سی سی نے سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے (ایس اے آئی اے) کی بھی منظوری دی جبکہ اجلاس میں ایل پی جی کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

ای سی سی نے پاسکو کے ذریعے گندم کے 5 لاکھ ٹن اضافی اسٹاک کو فروخت کرنے کی بھی منظوری دی۔

مزید خبریں :