پاکستان
Time 30 نومبر ، 2017

فیض آباد دھرنے میں ریاست کو گھٹنے ٹیکتے دیکھا گیا، بلاول بھٹو زرداری

فوٹو: اسکرین گریب

پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 سے 6 روز کے دوران پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں اور فیض آباد میں ہونے والے دھرنے کے دوران ریاست کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے دیکھا گیا۔

پیپلز پارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ آج بھی ہمارا نظریہ ہے اور اگر ملک میں جمہورت کو مضبوط بنانا ہے تو بھٹو کے نظریے کو آگے لے کر جانا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مردم شماری متنازع ہے اور اس میں سندھ کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور جمہوریت پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہی پاکستان ایٹمی طاقت بنا، ملک کا کم عمر ترین وزیراعظم بھی پیپلز پارٹی کا ہو گا۔

چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت میں آ کر جمہوریت اور معیشت کو مضبوط کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5، 6 روز کے درمیان پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں، دھرنے کے دوران ریاست کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے دیکھا گیا۔

بلاول بھٹو نے دھرنا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں شریک تمام طاقتوں سے کہتا ہوں کہ جمہوریت کو چلنے دیں، اس معاملے میں کوئی بھی صاف ستھرا ہو کر نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور کتنی قربانیاں چاہیئیں، اگر اور قربانیاں چاہیئیں تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

 ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں اور حکومت اپنی مدت پوری کرے۔

مزید خبریں :