پاکستان
Time 02 دسمبر ، 2017

سیاست کرنے کے اور بھی طریقے ہیں، مذہب کی آڑ نہ لی جائے، سعد رفیق


وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ایمان کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، اگر کسی نےسیاست کرنی ہے تو اس کے اور کئی طریقے ہیں مذہب کی آڑ نہ لی جائے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ان کے سیاسی پیر ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ ان کے پاس جمع کرادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے آستانہ سیال شریف کے سجادہ نشین خواجہ حمیدالدین سیالوی کی جانب سے وزیر قانون پنجاب راناثناء اللہ کے استعفے کے مطالبے پر (ن) لیگی رہنماؤں نے سر جوڑ لیے،ریلوے ہیڈ کوارٹر میں خواجہ سعد رفیق، رانا ثناءاللہ اور زعیم قادری کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔

نوازشریف کی کوئٹہ روانگی کے فوری بعد ہونے والی اس ملاقات کے بعد خواجہ سعد رفیق نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر کسی نے سیاست کرنی ہے تو اس کے اور طریقے بھی ہیں، مذہب کی آڑ نہ لی جائے‘‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمان کے سرٹیفکیٹ بانٹنے سے گریز کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ’’پیرحمید الدین سیالوی کے بھتیجے بھی (ن) لیگ کے ایم پی اے ہیں جو معاملہ سلجھا رہے ہیں، نوازشریف میرے سیاسی پیر ہیں اور میرا استعفیٰ نوازشریف کے پاس ہے‘‘۔ 

واضح رہے کہ لاہور میں مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک پر ایک مذہبی جماعت نے گذشتہ 7 روز سے دھرنا دے رکھا تھا جو حکومت سے تحریری معاہدہ ہونے کے بعد ختم کردیا گیا۔

حکومت کی طرف سے منظور کیے گئے مطالبات کے مطابق راجا ظفر الحق کی حلف نامے کے متعلق رپورٹ 20 دسمبر کو قوم کے سامنے لائی جائے گی، مساجد میں ایک سے زائد لاؤڈ اسپیکرز کے لیے 16 جنوری تک قانون سازی کی جائے گی ، دینی شعائر کے حوالے سے نصاب تعلیم کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا فیصلہ خواجہ حمیدالدین سیالوی کریں گے۔

مذاکرات میں حصہ لینے والی حکومتی ٹیم میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور رانا مشہود جبکہ مذہبی جماعت کے وفد میں مفتی عابد جلالی ، میاں ولید شرقپوری، نوید الحسن بکھی شریف والے اور شوریٰ کے دیگر ارکان شامل تھے۔

مزید خبریں :