"فلائٹ میں بم ہے": وائی فائی نیٹ ورک کے نام کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ

خرطوم : وائی فائی نیٹ ورک کے نام کی وجہ سے ترک ایئرلائن کے طیارے کو سوڈان کے ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

یوں تو آئے روز وائی فائی نیٹ ورکس کے عجیب و غریب نام نظروں سے گزرتے رہتے ہیں لیکن یہ نام اس قدر بھی خطرناک بھی ہوسکتے ہیں یہ شاید ہی کسی نے سوچا ہو۔

جی ہاں ترک ایئر لائن کے طیارے کی پروازکے دوران اچانک اس وقت کھلبلی مچ گئی جب لوگوں نے ایک وائی فائی نیٹ ورک دیکھا جس کا نام تھا "فلائٹ میں بم ہے"۔

نیروبی سے استنبول جانے والی اس پرواز میں وائی فائی نیٹ ورک کے نام کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا جس کے باعث طیارے کی سوڈان کے ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

ایئرپورٹ پر سیکورٹی اہلکاروں نے تمام مسافروں کو اْتار کر طیارے کی اچھی طرح تلاشی لی اور کلیئر ہونے کے بعد طیارے کو واپس اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔

ترکش ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق اس طیارے میں 100مسافر سوار تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے طیارے میں موجود کسی مسافر نے اپنے موبائل فون پر وائی فائی نیٹ ورک بنایا ہو اور اس کا نام ’’فلائٹ میں بم ہے‘‘ رکھ دیا ہو۔