'کیا آپ کی بیٹی اسکول نہیں جاتی؟' ابھیشیک بچن سے خاتون کا سوال

 ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی اپنی صاحبزادی آرادھیا رائے بچن کے ساتھ تصویر—۔فوٹو/بشکریہ انڈیا ٹوڈے

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی پوتی اور ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی صاحبزادی آرادھیا رائے بچن ایک 'اسٹار کِڈ' ہیں اور اکثر و بیشتر اپنے والدین کے ہمراہ مختلف تقاریب میں نظر آتی ہیں۔

ایک طرف جہاں بہت سے لوگ اس جوڑے کی اپنی بیٹی کے ساتھ محبت اور لگاؤ کو پسند کرتے ہیں، وہیں بہت سے لوگ اس حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ سلیبریٹی والدین کے زیر سایہ پرورش سے آرادھیا نارمل بچوں کی طرح اپنا بچپن انجوائے نہیں کر پاتی۔

واضح رہے کہ حالیہ ویک اینڈ پر سوشل میڈیا پر آرادھیا کی بہت سی تصاویر منظر عام پر آئیں، جب وہ اپنے والدین کے ہمراہ منگلور میں ایک شادی کی تقریب میں شریک تھیں۔

ان تصاویر کو دیکھ کر ایک خاتون نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آرادھیا بچن کا بچپن دیگر بچوں کی طرح نارمل نہیں ہے۔

خاتون نے اپنی ٹوئیٹ میں ابھیشیک بچن کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ 'کیا آپ کی بیٹی اسکول نہیں جاتی؟ مجھے حیرت ہے کہ کون سا اسکول بچوں کو اپنی والدہ کے ساتھ ٹرپ پر جانے کی اجازت دے دیتا ہے، جب دیکھو (آرادھیا) اپنی والدہ کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے نظر آتی ہیں، اس کا بچپن نارمل نہیں ہے'۔


جس پر ابھیشیک نے کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا، 'میم جہاں تک مجھے معلوم ہے، زیادہ تر اسکولوں میں ہفتے کو چھٹی ہوتی ہے، آرادھیا ہفتے کے باقی دن اسکول جاتی ہے، ہاں لیکن آپ کو شاید اپنی ٹوئیٹ میں ہجوں کی غلطی پر توجہ دینی چاہیے'۔


لیکن ان خاتون نے بھی ہار نہیں مانی اور ابھیشیک سے آرادھیا کی کچھ 'نارمل تصاویر' دکھانے کی فرمائش کر ڈالی، ساتھ ہی ہجوں کی غلطی کی نشاندہی پر ابھیشیک کا شکریہ بھی ادا کیا۔








ساتھ ہی انہوں نے مزید وضاحت کی کہ چونکہ وہ بھارت سے تعلق نہیں رکھتیں، اس لیے انہیں اندازہ نہیں کہ وہاں اسکولز ویک اینڈ میں بند ہوتے ہیں۔


خاتون نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بچے ہفتے کو اسکول جاتے ہیں، گوگل پر سرچ کرلیں۔








واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے، جب ابھیشیک کو ان کی بیٹی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہو، اس سے قبل بھی ایک خاتون نے ٹوئٹر پر ان پر شدید تنقید کی تھی۔


مزید خبریں :