دنیا
Time 06 دسمبر ، 2017

ٹیکس کیلئے محفوظ پناہ گاہ کہلانے والے ممالک کی بلیک لسٹ جاری

 یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی جانب سے متفقہ طور پر ایک بلیک لسٹ پر اتفاق کیا گیا—۔فائل فوٹو/اے ایف پی

برسلز: یورپی یونین نے ٹیکس کے لیے محفوظ پناہ گاہ کہلانے والے ممالک کی بلیک لسٹ جاری کردی، جس میں پاناما اور متحدہ عرب امارات سمیت 17 ممالک کے نام شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی جانب سے متفقہ طور پر ایک بلیک لسٹ پر اتفاق کیا گیا۔

اس بلیک لسٹ میں ایسے ممالک شامل کیے گئے ہیں جنہیں ٹیکس کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، ان 17 ممالک میں بحرین، بارباڈوس، منگولیا، جنوبی کوریا، تیونس اور متحدہ عرب امارات کے نام بھی شامل ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے فی الحال ان ممالک کے خلاف کسی قسم کی پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاناما کے صدر نے بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین میں متعین اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔

میڈیا سے گفتگو میں صدر یُووان کارلوس کا کہنا تھا کہ یہ ایک قابل افسوس فیصلہ ہے اور ہم اسے انصاف کے منافی سمجھتے ہوئے مسترد کرتے ہیں۔

مزید خبریں :