آسٹریلیا میں آکٹا ایوارڈز کا میلہ عامر خان کی 'دنگل' نے لوٹ لیا

بالی وڈ فلم ’دنگل‘ کا پوسٹر—۔

سڈنی آسٹریلین اکیڈمی آف سینما اینڈ ٹیلیویژن آرٹ ایوارڈز (آکٹا) میں ایشیاء کی بہترین فلم کا ایوارڈ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کے نام رہا۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں منعقد ہونے والے آکٹا ایوارڈز میں ہالی وڈ کے نامور ستاروں سمیت بالی وڈ اسٹارز نے بھی شرکت کی اور تقریب میں چار چاند لگا دیئے۔

آکٹا ایوارڈز میں ایشیاء کی 9 بہترین فلموں کی کیٹیگری میں فلم ’دنگل‘، ’پنک‘، مراٹھی فلم ’کسو:ٹرٹل‘ اور دیگر شامل تھیں لیکن ان میں سے ایشیاء کی بہترین فلم 'دنگل' قرار پائی۔

آکٹا کے جیوری چیئرمین آسکر ایوارڈ جیتنے والے رسل کرو تھے، جبکہ ان کے ساتھ بالی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی اور انوپم کھیر بھی شامل تھے۔

شبانہ اعظمی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین جیوری رسل کرو کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی فلم 'دنگل' کو ایشیاء کی بہترین فلم قرار دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔



دوسری جانب رسل کرو نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں انوپم کھیر کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، اپنے ایک اور پیغام میں انہوں نے فلم 'دنگل' کو ایوارڈ دینے کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم 'دنگل' ایک خوبصورت اور ہمت کا مظاہرہ کرنے والی فلم ہے۔









عامر خان کی فلم 'دنگل' بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک ریسلر  مہاویر پھوگٹ کی زندگی پر مبنی ہے، جنہوں نے اپنی بیٹیوں کو اس لیے پہلوانی سکھائی تاکہ وہ ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل لاسکیں۔

اس فلم کی کاسٹ میں عامر خان، زائرہ وسیم اور فاطمہ ثنا شیخ شامل تھے۔

مزید خبریں :