آئی فون ایکس بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام: رپورٹ

ایپل کا نیا آئی فون ایکس—۔فائل فوٹو

ایپل کمپنی کے فون دنیا کے بہترین اسمارٹ فونز مانے جاتے ہیں، لیکن رپورٹس کے مطابق ایپل کا نیا آئی فون ایکس صارفین کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

برطانوی ویب سائٹ ڈیلی میل کے مطابق صارفین کا کہنا ہے کہ ایپل آئی فون ایکس کی بیٹری نا تو دیر تک چلتی ہے اور نا ہی یہ ماڈل پائیدار ہے۔

رپورٹ کے مطابق صارفین کا کہنا ہے کہ آئی فون ایکس کو استعمال کرنے میں کافی احتیاط کرنی پڑتی ہے، یہ دیکھنے میں بے حد شاندار ہے اور اس کا کیمرا بہترین ہے لیکن شیشے سے بنی اس کی نازک اسکرین اور پیچھے کی باڈی انتہائی نازک ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون ایکس کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ہرحال میں اس کا کور استعمال کیا جائے تاکہ غلطی سے اگر فون گر بھی جائے تو کِرچی کِرچی ہونے سے بچ جائے۔

ہیڈ آف اسمارٹ فون ٹیسٹنگ رچرڈ فسکو کا رپورٹ میں کہنا تھا کہ آئی فون ایکس کا ماڈل انتہائی بہترین ہے، اس کے کلر ڈسپلے اسکرین اور برائٹنس قابل ستائش ہے لیکن یہ ماڈل پائیداری میں چوک گیا ہے اور اگر اس کا موازنہ آئی فون کے پچھلے ماڈلز سے کیا جائے تو آئی فون 7 اور 7 پلس اس ماڈل سے زیادہ پائیدار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون ایکس کی بیٹری تقریباً 20 گھنٹے تک چلتی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں سام سنگ ایس 8 اور 8 پلس کی بیٹری 26 گھنٹے تک چلتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ایپل کے متعارف کردہ تینوں نئے اسمارٹ فون یعنی آئی فون 8، 8 پلس اور ایکس سے بہتر آئی فون 7 اور 7 پلس ہے جو پائیدار بھی ہیں اور ان کی بیٹری بھی دیر تک کام کرتی ہے۔

مزید خبریں :