پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2017

فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا کام قوم کی خدمت ہے، آرمی چیف

فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا کام قوم کی خدمت کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے کوئٹہ میں ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ فار بلوچستان سے متعلق سمینار سے خطاب میں کہا کہ مستقبل کا بلوچستان قومی ترقی کی کوششوں کا انجن ہو گا، کل کے بلوچستان کا شمال سے جنوب اور مغرب تک مثالی رابطہ ہو گا۔

فوٹو: آئی ایس پی آر

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 600 افسران سمیت 20 ہزار بیٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ فضائیہ، بحریہ اور دیگر قانون نافذ کرنیوالےاداروں میں کام کرنے والے بلوچ شامل کریں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارامستقبل روشن ہے اور نوجوان بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی وسائل موجود ہیں صرف ان وسائل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں جب کہ فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا کام قوم کی خدمت ہے، بے لوث خدمت کی جمہوری اقدار، اخلاقی اتھارٹی کی بالا دستی پر یقین رکھتا ہوں، قوم کے لیے بے لوث خدمت کا فرض ہم سب پرعائد ہوتا ہے۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور ترقی تمام ریاستی اداروں کی قومی ذمےداری ہے تاہم پاک فوج اپنا کردار جاری رکھے گی۔

مزید خبریں :