فیشن 2017 — پاکستان میں کیا اِن رہا اور کیا ہوا آؤٹ؟

رواں برس جہاں بہت سےپرانےفیشن دوبارہ لوٹ کرآئے،وہیں پرانےفیشن اسٹائلزمیں جدت کا رنگ بھر کرانہیں نئےسرے سےبھی متعارف کروایا گیا۔

پاکستان فیشن کی دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں۔ اب پاکستانی خواتین اور مرد حضرات فیشن کے نت نئے انداز سے واقف رہتے ہیں اور ساتھ ہی اسے اپناتے بھی ہیں، یہی وجہ ہے کہ 2017 میں پاکستان میں فیشن کا ہر رنگ دیکھنے کو ملا ہے۔

پاکستانی ڈیزائنرز نے ہر سال کی طرح 2017 میں بھی منفرد فیشن ٹرینڈز کو متعارف کروایا اور ان کی اس شاندار طریقے سے نمائش کی کہ ہر کسی نے داد دی۔

یوں تو اس سال کے ملبوسات، ہیئر اسٹائلز، میک اپ، ہینڈ بیگز، سلیپرز سب ہی قابل تعریف ہیں لیکن فیشن کا کون سے اسٹائل سب سے زیادہ مقبول ہوئے، آئیے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

عروسی ملبوسات:

غرارے:

عروسی ملبوسات کے لیے 2017 میں گزشتہ برس کی طرح میکسی کو زیادہ ترجیح نہیں دی گئی اور غراروں کا فیشن اس سال بے حد اِن رہا ۔مختلف طرز کے غراروں کے ساتھ لمبی اور اونچی قمیضوں کا انتخاب کیا گیا اور انہیں شادی کی تقریب کے علاوہ عیدالفطر، عیدالضحی، جشن آزادی اور دیگر تہواروں میں بھی پہنا گیا۔

پیپلم:

پیپلم اونچی فراک ہوتی ہے، جو گھٹنوں سے تھوڑا اوپر ہوتی ہے، رواں برس شادی کے شراروں اور غراروں پر پیپلم کا انتخاب زیادہ کیا گیا ہے۔

ویلویٹ شال:

عروسی ملبوسات میں اس سال ویلویٹ شال کا فیشن متعارف کیا گیا اور متعدد دلہنوں نے اپنے شادی کے لباس پر رنگا رنگ ویلویٹ شال لی، جس پر زری، گوٹا اور دپکے کا کام کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ویلویٹ کی کامدانی قمیضوں کا فیشن بھی اِن ہوچکا ہے۔

نارمل یا شارٹ قمیض اور پیپلم:

سال کے آغاز سے ہی لمبی قمیضوں کے بجائے نارمل یا اونچی شارٹ شرٹس اور کرتیوں کا فیشن ٹرینڈ بے حد پسند کیا گیا اور اونچی قمیضوں کا فیشن صرف خواتین کے ملبوسات تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ مرد حضرات کے کرتے اور قمیضوں میں بھی نظر آیا۔

سگریٹ پینٹس اور غرارہ ٹراؤزرز :

اونچی اور نارمل لمبائی کی قمیضوں کے ساتھ سگریٹ پینٹس اور غرارہ طرز کے ٹراؤزرز کا فیشن بھی اس سال بے حد مقبول ہوا۔ پاکستان کی خوبرو اداکاراؤں سے لے کر نامور شخصیات اور عام خواتین نے بھی اس فیشن کو بے حد پسند کرتے ہوئے تہواروں اور تقریبات کے لیے اسے 2017 کا بہترین اور آرام دہ فیشن قرار دیا۔

جیولری:

چوکر:

جیولری میں اس سال دیدہ زیب چوکر کا فیشن دوبارہ لوٹ کر آیا، جو گردن سے بالکل چپکا ہوا ہوتا ہے۔ جیولری ڈیزائنرز نے اسے بھی نت نئے انداز میں پیش کیا۔عروسی ملبوسات کے لیے چوکر کا اسٹائل بھاری رکھا گیا یعنی اسے میٹل سے بنایا گیا، جس پر کندن، نگینوں اور موتیوں وغیرہ کا کام کیا گیا۔

علاوہ ازیں مختصر کام کے ساتھ چوکر نیکلس، سیمی فارمل ملبوسات کے ساتھ بھی پہنا جارہا ہے۔

ٹسلز ایئر رنگ:

نت نئے اسٹائلز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹسلز ایئر رنگز (بالیوں) کا فیشن اس سال اِن ہوا، جنہیں اونچے لمبے دونوں سائز میں پسند کیا گیا، خواتین اور لڑکیاں سب نے اس کا انتخاب عام روٹین سے لے کر تہواروں اور تقریبات تک کے لیے کر رہی ہیں۔

ہینڈ بیگز:

رواں برس بڑے ہینڈ بیگ کے ساتھ لانگ چین ہینڈ کلچز کو بھی فیشن میں خوب سراہا گیا، جس میں سب زیادہ اوول شیپ نمایاں رہا۔

کھسے اور فلیٹ سلیپرز:

کھسے کا ٹرینڈ رواں برس بے حد پسند کیا گیا اور مختلف رنگوں کے دھاگے کے کام کے حامل کھسے فیشن میں اِن رہے، جسے خواتین، لڑکیوں اور بچیوں نے ٹیولپ شلوار، فلیپر یا سگریٹ پینٹ کے ساتھ پہنا۔

 اسی طرز پر ڈیزائنرز نے کھسے نما سینڈلز بھی متعارف کرائے ہیں، جو بالکل سیدھے ہیں تاکہ خوتین انہیں پہن کر باآسانی چل پھر سکیں۔

دوسری جانب فلیٹ سلیپرز بھی متعدد ڈیزائن میں متعارف کی گئیں جن کا آن لائن بزنس بھی خوب چلا۔

گرافیٹیس ٹی شرٹس اور بائی فرینڈ پینٹس:

اگر اس حوالے سے بات کی جائے کہ رواں برس پاکستان میں مغربی فیشن کے کس انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا گیا تو اس میں سر فہرست گرافیٹیس شرٹس ہیں۔

شوبز کے ستاروں سے لے کر عام افراد نے بھی گرافیٹیس فیشن شرٹس کو بے حد پسند کیا جن کے ساتھ ڈسٹرس پینٹس یا بوائی فرینڈ پینٹس کا انتخاب کیا گیا۔

ہیئر اسٹائلز:

ہیئر اسٹائلز فیشن میں خاصی اہمیت رکھتے ہیں، ایسے میں رواں برس ہیئر اسٹائلرز نے منفرد ہیئرکٹ 'لانگ بوب کٹ' کو متعارف کرایا جن میں بالوں کو مختصر رکھا جاتا ہے، یہ ہیئر اسٹائل کو خواتین اور بالخصوص لڑکیوں کی جانب سے خاصا پسند کیا گیا ہے۔

شارٹ شرٹس، فلیپر اور سگریٹ پینٹس کے فیشن ٹرینڈ کے ساتھ شارٹ ہیئر اسٹائل خواتین کا مقبول اسٹائل رہا۔

مرد حضرات بھی ہیئر اسٹائل فیشن میں خواتین سے پیچھے نہیں رہے اور ان کے بھی منفرد ہیئر اسٹائل مقبول ہوئے، جن میں اسپائک، ون سائڈ پف، ایمو اسٹائل،  ڈیپرکٹ اور لانگ اسپائکس شامل ہیں۔

 

اگر مجموعی طور پر بات کی جائے تو 2017 فیشن کے لیے ایک اچھا سال ثابت ہوا، جہاں ایک طرف بہت سے پرانے فیشن دوبارہ لوٹ کر آئے، وہیں پرانے فیشن اسٹائلز میں جدت کا رنگ بھر کر انہیں اس طرح سے متعارف کروایا گیا کہ وہ آنکھوں کو بھلے بھی لگے اور  انہیں اپنانے میں کسی قسم کی دِقت بھی نہیں ہوئی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والا سال فیشن کے کون کون سے نت نئے اسٹائلز اپنے ساتھ لے کر آتا ہے۔