پاکستان
Time 22 دسمبر ، 2017

سی پیک منصوبوں کیلیے درآمدی اشیا پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے لئے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکام نے انہیں کپاس کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ، آٹو اسپیئر پارٹس اور ٹائر پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے سمیت درجنوں اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس  لیے جانے پر بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران سی پیک منصوبوں کے لئے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا جب کہ ٹیکس چھوٹ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے منصوبوں کے لئے ہوگی اور اس چھوٹ کا اطلاق سکھر، ملتان اور پشاور کراچی موٹروے منصوبوں پر ہوگا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے لئے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 113 کی چھوٹ، ٹیکسٹائل مصنوعات اور اس کے خام مال پر ڈیوٹی کی چھوٹ شامل ہے۔

اجلاس کے دوران کسانوں سے سرکاری قیمت پر گنے کی خریداری اور بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر کی طرف سے مختلف اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی منظوری بھی دی گئی جب کہ حکومت کی جانب سے درآمدات اور تجارتی خسارہ کم کرنے کے لئے اکتوبر میں 731 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی تھی۔

مزید خبریں :