دنیا
Time 26 دسمبر ، 2017

فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل نکالا جائے، پوپ فرانسس کا مطالبہ

کیتھولک میسحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کرسمس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل نکالا جائے۔

ویٹی کن سٹی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عالمی تنازعات پر بات کی اور فلسطین تنازع پر کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم فریقین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہئیں۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے بچے مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔

پوپ فرانسس نے عراق اور شام کے تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والے پناہ گزینوں کے مسائل پر بھی بات کی جب کہ انہوں نے وینزویلا اور شمالی کوریا کے تنازع کو بھی حل کرنے پر زور دیا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر مسلم ممالک سمیت یورپ میں بھی شدید احتجاج کیا گیا۔

امریکا کے اعلان پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ترکی اور یمن کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی جس میں 128 ممالک نے قرارداد کے حق میں جب کہ 9 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

قرارداد میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان واپس لے اور ایسا ہر گز نہ کرے کیوں کہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔



مزید خبریں :