کاروبار
Time 27 دسمبر ، 2017

’آباد‘ کا سی پیک میں مقامی سرمایہ کاروں کو چینیوں کے برابر مراعات کا مطالبہ

کراچی: ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے بلڈرز اور ڈیولپرز سمیت مقامی سرمایہ کاروں کو بھی سی پیک میں چین کے سرمایہ کاروں کے برابر مراعات دی جائیں۔

آباد کے چیئرمین عارف جیوا کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سی پیک پروجیکٹ سے پاکستان کی معیشت کو بوسٹ ملے گا، چین کے سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد وطن عزیز کی معیشت کے لیے مثبت علامت ہے لیکن حکومت کو اس کے ساتھ ساتھ مقامی انڈسٹریز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چینی سرمایہ کاروں کو درآمدات میں ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہے جبکہ انڈسٹریل زون کے لیے چینی سرمایہ کاروں کو مفت اراضی دی جارہی ہے۔

عارف جیوا کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ملنے والی مراعات کے خلاف نہیں ہیں، لیکن حکومت کو مقامی تعمیراتی شعبے کو سی پیک منصوبے میں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے،حکومت کو یہ دیکھنا چاہیے کہ سی پیک منصوبے میں مقامی بلڈرز اور ڈیولپرز کو کوئی سہولت نہیں دی جارہی جس کے مقامی تعمیراتی شعبے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔